لاہور: (دنیا نیوز) لاہور میں برائیلر گوشت سرکاری ریٹ 260 کی بجائے ہول سیل مارکیٹ میں 350 اور عام مارکیٹ میں 390 روپے فروخت ہونے لگا، ٹولنٹن مارکیٹ اور شیرانوالہ مارکیٹ میں کریک ڈاون کے دوران ہزاروں ٹن مرغی کا گوشت ضبط کر لیا گیا۔
صوبائی وزیر صنعت میاں اسلم اقبال نے عوام کو مفت مشورہ دے ڈالا کہ عوام ایک دن گوشت نہیں پکائیں گے تو کچھ نہیں ہو گا۔ پولٹری ایسوسی ایشن نے ہمارے ساتھ غلط بیانی کی ہے عوام کے تعاون کے بغیر ہم ان کا مقابلہ نہیں کر سکیں گے۔ قبل ازیں صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال اور ڈی سی لاہور دانش افضال نے ٹولنٹن مارکیٹ اور شیرانوالہ مارکیٹ میں دورے کئے، کریک ڈاون کے دوران ہزاروں ٹن مرغی کے گوشت کو ضبط کر لیا، اے سی سٹی تبریز مری سمیت ماتحت عملہ بھی اس دوران ہمراہ رہا۔
دکانداوں نے دلیر ہو کر ساڑھے تین سو روپے کلو ریٹ بتایا تو صوبائی وزیر صنعت سیخ پا ہو گئے اور فوری طور پر ڈپٹی کمشنر کو لاہور میں مہنگا مرغی کا گوشت بیچنے پر کریک ڈاون کرنے کا حکم دیا۔ مہنگے داموں مرغی کا گوشت فروخت کرنے پر ٹولنٹن مارکیٹ میں چھ اور شیرانوالہ مارکیٹ میں دو دکانداروں کو حراست میں لے لیا گیا جبکہ آٹھ دکانوں کا گوشت بھی ضبط کر لیا گیا۔ ہول سیل دکان دار 260 کی بجائے 350 روپے فی کلو مرغی کا گوشت فروخت کر رہے تھے۔