کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں کورونا خطرات اور لاک ڈاؤن کے باوجود کئی ارب روپے مالیت کے 35 سے 40 ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے۔ سندھ حکومت نے رواں مالی سال کے اختتام تک صوبے بھر میں 100 سے زائد جاری ترقیاتی اسکیمیں مکمل کرنے کا عندیہ دے دیا۔
شہر قائد میں کورونا خطرات اور لاک ڈاون کے اثرات سے جہاں سینکڑوں ترقیاتی منصوبے متاثر ہوئے، وہیں کئی ترقیاتی منصوبے اب بھی جاری ہیں۔لاک ڈاون میں نرمی ہوتے ہی محکمہ بلدیات کے تحت 35 سے 40 جاری ترقیاتی اسکیمیں پایہ تکمیل تک پہچانے کی کوششیں کی جارہی ہے۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کے مطابق مشکل صورتحال میں بھی عوام کی آسانی کیلئے صوبے میں کئی ارب روپے مالیت کی 100 سے زائد ترقیاتی منصوبوں پر کام کیا جا رہا ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق کراچی میں 100 ایم جی ڈی پانی کی فراہمی کیلئے دھابیجی میں 79 کروڑ کی لاگت سے پمپنگ اسٹیشن کی تعمیر، 64 کروڑ کی لاگت سے پہلوان گوٹھ سے ناتھا خان برج تک نالہ کی تعمیر، 13 کروڑ کی لاگت سے گلشن حدید اور بن قاسم میں سیوریج لائنز کی تنصیب، 13کروڑ کی لاگت سے جعفر طیار سوسائٹی میں سیوریج سسٹم کی درستگی اور 35 کروڑ کی لاگت سے فراہمی آب کا منصوبہ بھی مکمل کیا جائے گا جبکہ کئی ارب روپے مالیت سے مختلف پل، سڑکیں اور پیڈسٹرین برجز بھی تعمیر کیے جارہے ہیں۔