لاہور: تنور مالکان نے نان اور روٹی کی قیمتیں بڑھانے کیلئے کمر کس لی

Last Updated On 01 June,2020 12:28 pm

لاہور: (دنیا نیوز) آٹے کی قیمت میں اضافے کے بعد تنور مالکان نے بھی نان اور روٹی کی قیمتیں بڑھانے کے لیے کمر کس لی، کہتے ہیں آٹے کی قیمت کنٹرول نہ کی گئی تو 5 جون سے نان اور روٹی کی قیمت میں اضافہ کر دیں گے۔

ایک کے بعد ایک چیز مہنگی، فلور ملز مالکان کے بعد تنور مالکان بھی میدان میں آ گئے۔ 5 جون سے نان اور روٹی کی قیمت میں 4 روپے تک اضافے کا خدشہ پیدا ہو گیا۔ نان روٹی تنور ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ فائن میدہ کی بوری کی قیمت میں 800 روپے تک اضافہ کیا گیا جبکہ فلور ملز نے آٹے کی قیمت بھی بڑھا دی۔

تنور مالکان کے پاس پرانا سٹاک ختم ہو گیا تو قیمتیں بڑھانے پر مجبور ہو جائیں گے، تنور مالکان کا کہنا ہے کہ اگر آٹا اور میدہ مہنگا ملا تو نان اور روٹی کی قیمت میں اضافہ کر دیا جائے گا۔

کورونا جیسے مشکل حالات میں پہلے ہی مہنگائی کا دور دورہ ہے اور اب روٹی اور نان مہنگے ہونے کی صورت میں غریب کے لئے دو وقت کی روٹی بھی مشکل ہو جائے گی۔