پاکستان اور ایران کا کورونا اور لاک ڈاؤن کے باوجود تجارت بڑھانے پر اتفاق

Last Updated On 18 June,2020 07:12 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان اور ایران نے کورونا وبا کی صورتحال اور لاک ڈاؤن کے باوجود تجارت بڑھانے پر اتفاق کر لیا ہے۔ ایران نے مزید چھ پاکستانی کمپنیوں کو آموں کی ایران برآمد کرنے کی اجازت دیدی ہے۔

مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد کا کہنا ہے کہ کوئٹہ میں ایرانی قونصلیٹ روزانہ پاکستانی آموں کے 30 شپمنٹس کے کاغذات کی تصدیق کرے گا۔

تفصیل کے مطابق مشیر تجارت عبدالرزاق نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر نے ان سے ملاقات کی جس میں تجارت اور پاکستانی آموں کی برآمد کے معاملے پر بات چیت ہوئی۔

ایرانی سفیر نے تفتان بارڈر کھولنے کے حکومتی فیصلے کو کو سراہا۔ ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ کوئٹہ میں ایرانی قونصلیٹ روزانہ پاکستانی آموں کے 30 شپمنٹس کے کاغذات کی تصدیق کرے گا۔

پاکستانی آم ایرانی ٹرکوں کے ذریعے ایران برآمد ہوں گے اور ایرانی ٹرک باڈر سے پاکستانی آم ایران لے جائیں گے۔ ایران، پاکستانی آموں کی وسطی ایشیائی ممالک تک برآمد کے لیے مکمل تعاون کرے گا۔

ایرانی سفیر وزرات تجارت سے مسلسل رابطے میں رہیں گے۔ مشیر تجارت نے کہا ہے کہ آموں کی برآمد کے عمل میں کورونا وائرس سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں گی۔
 

Advertisement