انٹربینک میں ڈالر 19 پیسے مہنگا، سونے کا ریٹ ‌ 700 روپے تولہ بڑھ گیا

Last Updated On 18 June,2020 07:21 pm

کراچی: (دنیا نیوز) ڈالر کی اڑان جاری، انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر 19 پیسے مہنگا ہو گیا۔ دوسری جانب سونے کی قیمت میں‌ 700 روپے فی تولہ اضافہ دیکھنے میں‌ آیا.

ڈالر کے ریٹ میں مسلسل اضافہ جاری ہے، آج کاروباری ہفتے کے چوتھے روز ڈالر 19 پیسے اضافے کے بعد 165 روپے 90 پیسے پر ٹریڈ ہوتا رہا۔ گزشتہ روز بھی روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر 84 پیسے بڑھی تھی جس کے بعد 165 روپے 71 پیسے پر بند ہوا۔

دوسری جانب صرافہ مارکیٹ میں سونے کی فی تولہ قیمت 700 روپے اضافے کے بعد 99 ہزار 300 روپے ہو گئی، 10 گرام سونے کی قیمت میں 600 روپے اضافہ ہوا اور 85 ہزار 134 روپے کے ریٹ پر فروخت ہوا۔

واضح رہے کہ سٹیٹ بینک کے چند روز قبل آنے والے مالی استحکام کے جائزے میں کہا گیا ہے کہ صحت کے عالمی بحران کا سبب بننے والی کورونا وائرس کی وباء نے عالمی اور ملکی معیشت پر نمایاں اثرات ڈالے ہیں، دوسرے ملکوں کی طرح پاکستان پر بھی اس کے تباہ کن اثرات ابھی پوری طرح سامنے آنا باقی ہیں، اگر حالات یونہی رہے تو روپے کی قیمت مزید گر سکتی ہے۔