فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں محکمہ خوراک آٹے اور گندم کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے میں ناکام ہو گیا۔ گندم کی قیمت اوپن مارکیٹ میں 2 ہزار روپے من سے بھی تجاوز کرگئی جس سے عام آدمی کیلئے دو وقت کی روٹی کا بندوبست کرنا بھی محال ہوگیا ہے۔
فیصل آباد میں آٹے اور گندم کی قیمت کو کنٹرول کرنا محکمہ خوراک کے بس سے باہر ہوگیا۔ اوپن مارکیٹوں میں گندم کی قیمت 2ہزار روپے فی من جبکہ آٹے کے بیس کلو گرام تھیلے کی قیمت 1400روپے تک جاپہنچی ہے۔
فلور ملز مالکان کہتے ہیں کہ سرکاری سطح پر گندم کا کوٹہ میسر نہ آنے کے باعث اوپن مارکیٹوں سے مہنگے داموں گندم خریدنے پر مجبور ہیں جس سے آٹے کی قیمت میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔
دوسری جانب محکمہ خوراک کے ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر علی عمران کہتے ہیں کہ حکام کو گندم کی فروخت شروع کرنے اور اسکی قیمتوں کے حوالے سے مراسلہ جاری کردیا گیا، جلد فلور ملز کو گندم کا سرکاری کوٹہ جاری کرتے ہوئے آٹے کی قیمتوں کو کنٹرول کرلیا جائے گا۔
شہری کہتے ہیں کہ آٹے اور گندم کی قیمتوں کو عام آدمی کی پہنچ میں لانے کیلئے دستاویزی کاروائیوں کی بجائے فوری عملی اقدامات اٹھاتے ہوئے ریلیف فراہم کی جائے۔