مالی سال 20-2019ء : ایف بی آر ہدف سے زائد ریونیو جمع کرنے میں کامیاب

Last Updated On 30 June,2020 10:28 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملکی تاریخ میں پہلی بار فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) مالی سال 20-2019ء کیلئے ہدف سے زائد ریونیو جمع کرنے میں کامیاب ہوگیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے امسال 4084 ارب روپے کا ریکارڈ ٹیکس جمع کیا ہے، ایف بی آر کا اس سال کا ہدف 3907ارب روپے تھا۔

ایف بی آر کا کہنا ہے کہ ادارے نے 177ارب روپے زائد جمع کیے، گزشتہ سال کی نسبت ٹیکس محاصل میں 3.9 فیصد اضافہ ہوا، مالی سال کے دوران 127 ارب 84 کروڑ کے ریفنڈ ادا کئے۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے مطابق سیلز ٹیکس محاصل میں 9.3 فیصد اضافہ ہوا ہے۔1597 ارب کی وصولی ہوئی ہے۔ انکم ٹیکس ریونیو میں 4.2 فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ وصولی 1484 ارب سے زیادہ رہی۔

ایف بی آر کے مطابق کسٹمز ڈیوٹی محاصل 9 فیصد کمی کے ساتھ 618 ارب روپے رہے، ایکسائز ڈیوٹی محاصل میں 6.1 فیصد اضافہ ہوا جبکہ 255 ارب روپے سے زائد وصول ہوئے، 30جون کو 8 ارب کے ریفنڈز کی ادائیگی اور 19 ارب کی ایڈجسٹمنٹ کی گئی۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف بی آرکا ٹیکس شارٹ فال ابتدائی طور پر مقررہ ہدف سے 1500 ارب روپے زیادہ رہا ہے کیونکہ مالی سال20-2019ء کے بجٹ میں ایف بی آر کا ٹیکس ہدف 5550 ارب روپے مقرر کیا گیا تھا تاہم یہ ٹیکس ہدف 4 چار مرتبہ کم کیا گیا ہے۔
 

Advertisement