کراچی: (دنیا نیوز) ڈالر کی مسلسل تیسرے روز اونچی اڑان جاری ہے، انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر پاکستانی روپے کے مقابلے میں 8 پیسے مہنگا ہو گیا۔
کاروباری ہفتے کے تیسرے روز امریکی کرنسی میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آیا، انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر 8 پیسے مہنگا ہونے پر 166 روپے 75 پیسے پر فروخت ہوا۔
گزشتہ روز انٹر بینک میں امریکی ڈالر کی قیمت میں چار پیسے کی تیزی ریکارڈ کی گئی جس کے بعد روپے کے مقابلے میں امریکی کرنسی کی نئی قیمت 166 روپے 63 پیسے کی سطح سے بڑھ کر 166 روپے 67 پیسے ہو گئی، اسی طرح کاروباری ہفتے کے پہلے روز بھی ڈالر کے ریٹ میں اضافہ ہوا جو 28 پیسے اضافے کے ساتھ 166 روپے 63 پیسے ہو گیا تھا۔
کورونا کے سبب عالمی معیشت گراوٹ کا شکار ہے جس کا اثر پاکستان پر بھی پڑا ہے، ملک پر قرضوں کے بھاری بوجھ اور کرنٹ اکاونٹ خسارے کے سبب پاکستانی کرنسی کی قدر میں کمی دیکھی جا رہی ہے۔