اسلام آباد: (دنیا نیوز) مشیر خزانہ ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکلنا قومی ایشو ہے، ایف اے ٹی ایف محض حکومت کا مسئلہ نہیں ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے غیر رسمیت بات چیت میں ان کا کہنا تھاکہ ایف اے ٹی ایف سے متعلق قانون سازی کر لی جائے گی، اپوزیشن کا مطلب ہی مخالفت ہوتا ہے اس لیے وہ اپوزیشن کے رویے سے نالاں نہیں۔
اس سے پہلے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ نے بھی مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے پہلی بار شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب میں مشیر خزانہ کا کہنا تھاکہ فیٹف گرے لسٹ سے نکلنا حکومت کا نہیں بلکہ قومی مفاد ہے، ہمارا مقصد یہ ہے کہ ہم فیٹف گرے لسٹ سے نکل جائیں۔
حفیظ شیخ نے کہا کہ پاکستان اب تک 27 نکات میں سے 14 پر عملدرآمد کر چکا ہے، 13 پر جزوی عمل کیا گیا یے۔ انہیں کمیٹی کا احترام ہے اور کمیٹی کو معیشت پر بھی بریفنگ دیں گے، ہمیں برآمدات کو بڑھانا ہے عوام کا طرز زندگی بہتر کرنا جو ہم ابھی تک نہیں کرسکے، ترقی پذیر ممالک کو کورونا وائرس سے مسائل کا سامنا ہے۔