لاہور: (دنیا نیوز) آٹا، چینی کے بعد ایل پی جی بھی مہنگی ہو گئی، قیمت میں 5 روپے اضافہ کر دیا گیا، گیس کا گھریلو سلنڈر 60 روپے جبکہ کمرشل سلنڈر کی قیمت 230 روپے بڑھ گئی۔ ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ تفتان بارڈر چند روز اور بند رہا تو قیمتیں مزید بڑھیں گی۔
مہنگائی مافیا پھر متحرک، گرم موسم میں بھی ایل پی جی 5 روپے مہنگی کر دی گئی جس کے بعد فی کلو قیمت 105روپے مقرر ہو گئی۔ گھریلو استعمال کا گیس سلنڈر 60 روپے مہنگا جبکہ کمرشل سلنڈر کی قیمت میں 230 روپے اضافہ کر دیا گیا ہے۔ ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن کے مطابق تفتان بارڈر کی بندش سے ایل پی جی کی سپلائی کم ہوئی جس سے قیمت بڑھ رہی ہے۔
گیس سلنڈر استعمال کرنے والے شہری پریشان ہو گئے۔ کہتے ہیں پہلے ہی مہنگائی عروج پر ہے، گیس مہنگی ہونے سے مزید مشکلات ہوں گی۔
ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن کے مطابق سپلائی میں 1200 میٹرک ٹن کی کمی ہوئی ہے اور یہ صورتحال برقرار رہی تو قیمت مزید بھی بڑھ سکتی ہے۔