لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب حکومت کے بروقت اور موثر اقدامات سے صوبے میں گندم اور آٹے کی قیمتوں میں استحکام آیا ہے۔
اپنے بیان میں عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب واحد صوبہ ہے جہاں 20 کلو آٹے کا تھیلا مقرر کردہ نرخوں پر دستیاب ہے، گندم اور آٹے کی قیمتوں میں استحکام برقرار رکھنے کے لئے آئندہ بھی ہر انتظامی قدم اٹھایا جائے گا۔
وزیراعلی نے کہا کہ صوبے کے عوام کے حقوق کا تحفظ کرنا میری ذمہ داری ہے، کسی کو عوام کا استحصال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، محکمہ خوراک کے حکام اورانتظامی افسران گندم اور آٹے کی قیمتوں کی تسلسل کے ساتھ مانیٹرنگ جاری رکھیں۔ عوام کو ہر ممکن ریلیف دینے کے لئے متعلقہ ادارے متحرک رہیں، گندم اور آٹے کی قیمتوں میں خود ساختہ اضافہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔