کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان میں پیدا ہونے والے انار دانے، زیرے اور سوکھے دھنیے کی منڈی میں کافی مانگ ہے جن کی پیداوار بڑھا کر بیرون ملک بھیج کر کثیر زرمبادلہ بھی کمایا جا سکتا ہے مگر جدید زرعی اصولوں سے ناواقفیت کی بناء پر کاشت کار زیادہ پیداوارحاصل نہیں کر پا رہے۔
کوئٹہ سمیت صوبے کے اکثر علاقوں میں زمین زرعی پیداوار کے ساتھ ساتھ مصالحہ جات کے لئے اپنی مثال آپ ہے۔ کھانوں کو لذت بخشنے میں سفید و کالا زیرا، انار دانہ اور سوکھا دھنیا سرفہرست ہیں۔ بلوچستان کا زیرا، سوکھا دھینا اور انار دانہ منافع بخش مصالہ جات ہیں۔ تھوک میں بہترین معیاری زیرا 400، انار دانہ 200 اور سوکھا دھنیا 180روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔
صوبے کے زمینداروں کا محکمہ زراعت کے حکام سے گلہ ہے کہ تینوں اشیا کی اچھی پیداوار کے حصول کے لئے موجودہ حالات کے پیش نظر انکی رہنمائی نہیں کی جا رہی۔ ایک اندازے کے مطابق بلوچستان میں ان مصالہ جات کی مجموعی پیداوار تقریبا 8 سے 10 ہزار ٹن ہے۔