اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکام نے کہا ہے کہ سی پیک کے تحت رواں سال 2020ء میں پاک چین شراکت داری کو مزید دوام ملے گا، دو طرفہ تعاون کے سنگ میل طے ہوں گے۔ دوسرے مرحلہ میں عوامی فلاح وبہبود کے 27 منصوبوں پر کام کیا جا رہا ہے۔
سی پیک اتھارٹی حکام کے مطابق اگلے مرحلہ کے تحت چار اہم شعبوں میں پیشرفت کی جائے گی جن میں پہلا شعبہ صنعت سے تعلق رکھتا ہے جبکہ دیگر شعبوں میں زراعت، معاشی شعبہ کی ترقی اور سائنس و ٹیکنالوجی شامل ہیں۔
پاک چین سٹریٹیجک شراکت داری دن بدن مضبوطی کی راہ پر گامزن ہے اور یہ بھی ایک اٹل حقیقت ہے کہ یہ شراکت داری عالمی اور خطے بھر میں نہایت اہمیت کی حامل ہے جبکہ یہ مستقبل میں مزید مستحکم ہو جائے گی۔
صنعتی شعبے،ہنر مند مزدوروں کی طلب کو پورا کرنے کے لئے سی پیک کے تحت چین کی مدد سے پیشہ ورانہ تربیت کے انسٹیٹیوٹ قائم کیے جا رہے ہیں۔
چین پاکستان کو موجودہ پیشہ ورانہ تربیتی اداروں کو اپ گریڈ کرنے میں مدد فراہم کررہا ہے جبکہ مزید 6 انسٹیٹیوٹ کے قیام کے لئے مالی مدد فراہم کر رہا ہے۔