کراچی: (دنیا نیوز) چین نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ کچھ ممالک کے منفی پراپیگنڈے کے باوجود آگے بڑھتارہے گا، جو چین کے ایک خطہ اور ایک شاہراہ پروگرام کا اہم منصوبہ ہے۔
کراچی میں چین کے قونصل جنرل Li-Bijianنے قونصل خانہ میں کراچی ایڈیٹرز کلب کے نمائندوں سے ملاقات میں کہا کہ منصوبے میں پاکستان کے تمام حصوں کو شامل کیا گیا ہے اور کورونا وائرس کی وبا کے باوجود سی پیک منصوبے پر کام جاری ہے۔
انہوں نے پاک چین تعلقات مزید مستحکم بنانے کے لئے دونوں ملکوں کی صحافی برادری کے درمیان مضبوط رابطے کے لئے پاک چین میڈیا راہداری کے قیام کی تجویز کو سراہا۔
سینئرصحافیوں کے گروپ نے دونوں دوست ممالک کے درمیان دو طرفہ میڈیا، ثقافتی اور اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لئے اپنی حمایت کا اعادہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں: سی پیک اتھارٹی بننے کے بعد اقتصادی راہداری کے منصوبوں میں نئی پیشرفت ہوئی ہے: چین
ادھر چینی وزارت خارجہ کے ترجمان ژاو لی جیان کا کہنا ہے کہ سی پیک اتھارٹی بننے کے بعد پاک چین اقتصادی راہداری کے منصوبوں میں نئی پیشرفت ہوئی ہے۔
چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے لکھا کہ پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کے بارے میں وزیراعظم عمران خان کے مثبت بیان کو سراہتے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان، جو سدا بہار تذویراتی تعاون کے شراکت دار ہیں، کے درمیان ہمیشہ سے باہمی اعتماد، تعاون، دوستی اور حمایت پرمبنی تعلقات ہیں۔
انہوں نے کہاکہ اس سال کورونا وائرس کی آزمائش کاکامیابی سے مقابلہ کرنے کے بعد چین اور پاکستان کے تعلقات مزید مستحکم ہوئے ہیں۔