اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان اور ایف اے ٹی ایف ورکنگ گروپ کے درمیان مذاکرات، پاکستان کی جانب سے اہداف پر عمل درآمد رپورٹ پیش کر دی گئی۔
ذرائع کے مطابق حکومت پاکستان نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی فنڈنگ کرنے والوں کو سخت سزائیں دی جائیں گی، پاکستان نے ہنڈی اور حوالہ کیساتھ زمینی، فضائی اور سمندری راستوں سے کرنسی سمگلنگ کی موثر روک تھام کی۔ کالعدم تنظیموں کے خلاف بھی بھرپور کارروائی کی گئی۔ منی لانڈرنگ اور دہشت گردوں کی فنڈنگ سے متعلق مقدمات کی سماعت کا طریقہ کار بھی طے کرلیا گیا۔
ایف اے ٹی ایف کو بتایا گیا کہ اقوام متحدہ کے نامزد افراد کو سزائیں بھی دی گئی ہیں جبکہ کالعدم تنظیموں کے اثاثے اور بینک اکاؤنٹس منجمند کر کے دہشتگردوں کی فنڈنگ کا مکمل خاتمہ کر دیا، مدارس اصلاحات بھی کر دی گئی ہیں۔