فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں محکمہ خوراک کی جانب سے آٹا چکیوں کو یومیہ 300 کلو گرام فی چکی گندم کا کوٹہ جاری کرنے کے باوحود بھی دیسی آٹے کی قیمت میں کمی نہ آسکی۔ دیسی آٹے کی قیمت 70 سے 75 روپے فی کلوگرام تک پہنچنے کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
محکمہ خوراک اور ضلعی انتظامیہ آٹے کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے میں ناکامی کا شکار بن گئے۔ محکمہ خوراک کی جانب سے 220 سے زائد آٹا چکیوں کو کنٹرول ریٹ پر یومیہ 1700 من سے زائد گندم کا کوٹہ فراہم کیا جاتا ہے۔ اس کے باوجود مارکیٹ میں دیسی آٹے کی قیمت 48 روپے کی بجائے 70 سے 75 روپے فی کلوگرام وصول کی جارہی ہے۔
معاملے سے متعلق ڈپٹی کمشنر فیصل آباد محمد علی کہتے ہیں کہ اضافی قیمتیں وصول کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں اور قیمت کو کنٹرول کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔
شہری کہتے ہیں کہ قیمتوں کو کنٹرول کرنے کیلئے احکامات تو جاری کئے جاتے ہیں لیکن انہیں عملی جامہ نہیں پہہنایا جاتا۔ حکام عملی اقدامات اٹھائیں تاکہ انہیں ریلیف میسر آسکے۔