فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں پیشہ ور بھکاریوں نے یلغار کر دی، سڑکوں، چوراہوں اور گلی محلوں میں بھکاریوں نے شہریوں کی ناک میں دم کر رکھا ہے جبکہ مستحق افراد امداد سے محروم ہونے لگے۔
سوشل ویلفئیر کی جانب سے 2014 میں سالانہ ترقیاتی سکیم میں بیگر ہوم کا منصوبہ رکھا گیا جس کا مقصد پیشہ ور بھکاریوں کی پکڑ دھکڑ کے بعد انہیں بیگر ہوم منتقل کر کے انکی کونسلنگ کرنا تھا لیکن منصوبہ فائلوں کی نذر ہو گیا۔
فیصل آباد کی سڑکوں، چوراہوں، گلی، محلوں اور اشاروں پر پیشہ ور بھکاری ٹولیوں کی شکل میں بھیک کے نام پر پیسے بٹورتے ہیں۔ شہری کہتے ہیں ایسے پیشہ ور بھکاریوں کی پکڑ دھکڑ ہونی چائیے جو مستحق لوگوں کو بھی حق سے محروم کردیتے ہیں۔
سوشل ویلفئیراور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے بھکاریوں کے خلاف آپریشن تو بے شمار ہوتے ہیں لیکن انہیں رکھنے کے انتظامات نہ ہونے کے باعث انہیں چھوڑ دیا جاتا ہے۔ ڈپٹی کمشنر محمد علی کہتے ہیں بیگر ہوم کے حوالے سے اقدامات کریں گے۔
پیشہ ور بھکاریوں کو لگام ڈالنے اور ان کے خلاف ایکشن کے بعد کونسلنگ کے لیے بیگر ہوم پاکستان کے تیسرے بڑے شہر کی اہم ضرورت ہے۔