اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد پولیس کے سو سے زائد اہلکار مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث نکلے، سینیٹ میں پیش رپورٹ میں بڑا انکشاف کیا گیا ۔ وفاقی پولیس کے کئی افسران نے بھی مجرموں کیساتھ گتھ جوڑکر رکھا ہے۔
وزارت داخلہ کی جانب سے سینیٹ میں پیش رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ اسلام آباد پولیس کے 102 اہلکا ر مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث پائے گئے جن میں 2 انسپکٹر، 5 سب انسپکٹر اور 16 اے ایس آئی شامل ہیں۔7 ہیڈ کانسٹیبل، 69 کانسٹیبل اور تین خبری بھی مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث نکلے۔
رپورٹ میں کہا گیاہے کہ پولیس ملزمان کے خلاف 72 فوجداری مقدمات درج کیے گئے ہیں اور 20پولیس اہلکاروں کو ملازمت سے برطرف کر دیا گیا ہے ۔ 12 اہلکاروں کی تنخواہوں میں کٹوتی اور جرمانے عائد کئے گئے جبکہ 14 اہلکار معطل ہوئے ۔ جرائم میں ملوث وفاقی پولیس کے 10 اہلکاروں کے خلاف انکوائری جاری ہے جبکہ 46 کو بری کر دیا گیا ہے۔