اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپیکر اسد قیصر کی صدارت میں قومی اسمبلی کا اجلاس شروع ہوتے ہی اپوزیشن نے ایوان سے واک آؤٹ کر دیا۔ اسد قیصر نے اجلاس پیر کی شام پانچ بجے تک ملتوی کر دیا۔
اس موقع پر پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما نوید قمر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا جس طرح ایوان کو چلایا جا رہا ایسے ایوان کی کاروائی کا حصہ نہیں بن سکتے، ہم عوام کے مسائل اٹھانا چاہ رہے ہیں، بولنے کی اجازت نہیں دی جاتی، یہ ایوان عوامی مسائل کے حل کے لئے کوئی کردار ادا نہیں کر رہا، جب تک حالات ٹھیک نہیں ہوتے اور ہاؤس با وقار طریقے سے نہیں چلایا جاتا ہم واک آؤٹ کرتے ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما بابر اعوان کا کہنا تھا ہاؤس کو چلانے کیلئے اپوزیشن کو آسان نسخہ پیش کر رہا ہوں، کسٹوڈین آف دی ہاؤس جو اجلاس بلائے اپوزیشن اس میں شرکت یقینی بنائے، ایسا نہیں چلے گا کہ یہاں پر سیٹیاں بجائی جائیں اور میٹنگز میں شرکت نہ کریں۔
حکومت تین روز سے قومی اسمبلی کا کورم پورا کرنے میں ناکام رہی، قومی اسمبلی کے آج کے اجلاس میں بھی کوئی کارروائی نہ ہو سکی۔ قومی اسمبلی کا کورم ٹوٹ گیا، کورم کی نشاندہی ن لیگ کے شیخ فیاض الدین نے کی۔