اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے کرپشن مقدمات کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے کہا شواہد ریکارڈ کرنے کے عمل کو تیز کر کے جلد مکمل کیا جائے۔
سپریم کورٹ نے لاکھڑا پاور پلانٹ بے ضابطگی کیس میں حکم جاری کیا۔ عدالت نے احتساب عدالتوں کو جلد مقدمات کے فیصلے کرنے کی ہدایت کر دی۔ سپریم کورٹ نے چیئرمین نیب کو عدالتی احکامات پر عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا پراسیکیوٹر جنرل نیب استغاثہ کے گواہان کی حاضری یقینی بنائیں۔
سپریم کورٹ نے احتساب عدالت کراچی کو لاکھڑا پاور پلانٹ کیس کا ایک ہفتے میں فیصلہ کرنے کا بھی حکم دے دیا۔ عدالت نے کہا دو نومبر تک استغاثہ اور ملزم کے گواہان کے بیان ریکارڈ کیے جائیں۔ عدالت نے رجسٹرار احتساب عدالت کراچی سے عملدرآمد رپورٹ بھی مانگ لی۔