فیصل آباد: جنرل ہسپتال سمن آباد میں شعبہ آنکھ اور ہڈی جوڑ کے آپریشن تھیٹرز غیر فعال

Published On 23 October,2020 10:10 am

فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد کے جنرل ہسپتال سمن آباد میں شعبہ آنکھ اور ہڈی جوڑ کیلئے سینئرز ڈاکٹرز کو تعینات نہ کیا جاسکا جس کے باعث ان شعبوں کے آپریشن تھیٹرز فعال نہ ہو سکے۔

فیصل آباد کے سمن آباد جنرل ہسپتال کی تعمیر مکمل ہوئے تقریبا 4سال بیت گئے مگر تاحال سینئر ڈاکٹرز کی عدم موجودگی کے باعث آنکھوں اور ہڈیوں کے شعبوں کے آپریشن تھیٹرز فعال نہ ہوسکے۔ ٹریفک ایکسیڈنٹ اور دیگر حادثات کا شکار بن کر ہڈیوں کے علاج معالجے اور آنکھوں کے امراض میں مبتلا مریضوں کو طبی امداد اور آپریشنز کیلئے پرائیویٹ اور دوسرے سرکاری ہسپتالوں کا رخ کرنا پڑتا ہے۔

آپریشن تھیٹرز فعال نہ ہونے پر میڈیکل سپریٹنڈنٹ ڈاکٹر وسیم کہتے ہیں کہ حکام کو ڈاکٹرز کی تعیناتی سے متعلق درخواست کی گئی ہے، جلد سینئر ڈاکٹرز کی تعیناتی کرواتے ہوئے آپریشن تھیٹرز کو فعال کردیا جائے گا۔

دونوں شعبوں کے آپریشن تھیٹرز فعال ہونے سے نہ صرف مریضوں کو سہولیات میسر آسکیں گی بلکہ دیگر ہسپتالوں میں مریضوں کا رش بھی کم ہوگا۔
 

Advertisement