محکمہ ایکسائز سندھ نے گاڑیوں کی رجسٹریشن کا جدید نظام متعارف کروا دیا

Published On 09 November,2020 09:57 am

کراچی: (دنیا نیوز) محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سندھ نے صوبے بھر میں گاڑیوں کی رجسٹریشن کا جدید نظام متعارف کروا دیا۔ گاڑیوں کے مالکان اب پرانی رجسٹریشن بک کی جگہ سیکورٹی فیچرڈ ایم وی آر اسمارٹ کارڈ حاصل کرسکیں گے۔

صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن مکیش کمار چاولہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ سندھ بھر میں گاڑیوں کی رجسٹریشن کیلئے سیکیورٹی فیچرڈ ایم وی آر اسمارٹ کارڈ کا اجراء کردیا گیا۔ سیکیورٹی فیچرڈ ایم وی آر اسمارٹ کارڈ کے ذریعے نہ صرف فوری رجسٹریشن ہوسکے گی بلکہ گاڑیوں کو ہمیشہ کیلئے تحفظ بھی حاصل ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ گاڑیوں کے مالکان اب پرانی رجسٹریشن بک کی جگہ سیکورٹی فیچرڈ ایم وی آر اسمارٹ کارڈ حاصل کرسکیں گے۔ اس کارڈ کے اجراء سے جعلی رجسٹریشن بک کا مکمل خاتمہ ممکن ہو سکے گا۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کیلئے گاڑی کی ملکیت کا تعین آسان ہوگا۔ گاڑیوں کے مالکان محکمہ ایکسائز سندھ کے جدید نظام سے فائدہ اٹھائیں۔