سٹاک مارکیٹ: مسلسل دوسرے روز بھی بڑی مندی، 43 ہزار کی نفسیاتی حد دوبارہ گر گئی

Published On 22 December,2020 04:59 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں مسلسل دوسرے روز غیر یقینی صورتحال کے باعث 426.82 پوائنٹس کی مندی ریکارڈ کی گئی جس کے باعث ایک مرتبہ پھر 43 ہزار کی نفسیاتی حد گر گئی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان سٹاک مارکیٹ میں غیر یقینی صورتحال برقرار ہے۔ گزشتہ روز کی طرح رواں ہفتے کے دوسرے کاروباری روز کے دوران بھی مندی نے ڈیرے ڈال لیے، کاروبار کا آغاز محتاط انداز میں ہوا، صبح دس بجے تک انڈیکس میں صرف تین پوائنٹس کی تیزی دیکھی گئی، جبکہ ایک موقع پر انڈیکس گزشتہ روز کے 43333.76 پوائنٹس کے برعکس 43478.97 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر دیکھا گیا تھا۔

تاہم کاروبار کے اختتام پر انویسٹرز نے سرمایہ کاری سے گریزاں کیا اور جس کے باعث انڈیکس 426.82 پوائنٹس کی مندی کے بعد 42906.94 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا، کاروبار میں مندی کے باعث 43 ہزار کی نفسیاتی حد ایک مرتبہ پھر گئی۔

ٹریڈنگ کے دوران کاروبار میں 0.98 فیصد کی تنزلی دیکھی گئی اور 20 کروڑ 11 لاکھ 69 ہزار 723 شیئرز کا لین دین ہوا، تاہم زیادہ تر شیئر کی فروخت کے باعث 70 ارب روپے سے زائد ڈوب گئے۔