(ویب ڈیسک) یونائیٹڈ موٹرز کی جانب سے نئے سال کے آغاز میں یونائیٹڈ ایلفا کے نام سے نئی ہزار سی سی گاڑی متعارف کیے جانے کا امکان ہے۔
ایلفا کو پہلے چیری کیو کیو کے نام سے جانا جاتا تھا اور امید کی جا رہی ہے کہ یہ گاڑی پاکستانیوں کیلئے ایک سستی اور میعاری ہیچ بیک ثابت ہوگی۔
گاڑی میں یورو 4 ایمیشن ٹیکنالوجی اور 4 سیلنڈر 993 سی سی کا انجن رکھا گیا ہے. شروعات میں اسے 5 سپیڈ مینوئل ٹرانسمیشن کے ساتھ متعارف کیا جائے گا جبکہ بعد میں آٹومیٹک ٹرانسمیشن کے ساتھ متعارف کیے جانے کا امکان ہے۔ ایلفا میں پاور سٹیئرنگ، پاور ونڈوز اور 13 انچ کے الائے وہیلز بھی شامل ہوں گے۔
پاک وہیلز ویب سائٹ کے مطابق، ایلفا کی قیمت پندرہ لاکھ روپے تک متوقع ہے جو کہ مارکیٹ میں موجود دوسری ہزار سی سی گاڑیوں کے مقابلے میں کم ہے۔
مارکیٹ میں ایلفا کا مقابلہ سوزوکی ویگن آر، کیا پکانٹو اور سوزوکی کلٹس سے ہوگا۔ گاڑی 2 جنوری 2021 کو پاکستان میں لانچ کی جائے گی جس کے بعد مقامی طور پر تیار کیے جانے والےسی کے ڈی یونٹس کی فروخت شروع کردی جائے گی۔