اسلام آباد: (دنیا نیوز) گیس کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کی خاطر حکومت نے مزید ایل این جی درآمدات کا منصوبہ بنالیا، پاکستان ایل این جی لمیٹڈ نے 3 کارگو جہاز کے لئے بولیاں طلب کرلیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان ایل این جی لمیٹڈ نے تین کارگو جہاز درآمدات کے لئے بولیاں طلب کرلی ہیں، ہر کارگو جہاز 1 لاکھ 40 ہزار کیوبک میٹر ایل این جی سے لدا ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ دلچسپی رکھنےوالی کمپنیاں 29 جنوری تک بولی جمع کراسکتی ہیں۔
پہلا ایل این جی کارگو5 سے 6 اپریل تک جبکہ بقیہ دو ایل این جی گارگو 19 سے 20 اپریل تک پاکستان پہنچے گی، یہ گیس پورٹ قاسم پر ایل این جی ٹرمنل سے سسٹم میں داخل کی جائے گی۔
ماہرین کے مطابق وقت کے ساتھ ساتھ پاور سیکٹر کا انحصار فرنس آئل پر کم جبکہ ایل این جی پر بڑھ رہا ہے، یہی وجہ ہے کہ ایل این جی کی مانگ میں مسلسل اضافے کا رجحان جاری ہے۔۔