ملتان: یوٹیلٹی اسٹورز پر کئی روز سے آٹا اور گھی نایاب، شہریوں کا نوٹس لینے کا مطالبہ

Published On 08 January,2021 08:58 am

ملتان: (دنیا نیوز) ملتان میں یوٹیلٹی اسٹورز پر گزشتہ کئی روز سے آٹا دستیاب نہیں جبکہ گھی بھی نایاب ہے اور رہی سہی کسر کسی حدتک دستیاب باریک چینی نے پوری کر دی ہے، شہریوں نے حکومت سے نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا۔

ملتان میں یوٹیلٹی اسٹورز پر چھپن اشیا کی لسٹ آویزاں کی گئی ہے لیکن بیشتر اشیائے خورونوش دستیاب نہیں جن میں آٹا شامل ہے جبکہ گھی، مصالحہ جات اور مختلف دالوں کی بھی قلت ہے لیکن کسی حد تک دستیاب اشیا کی پرنٹڈ قیمتیں ہی اسٹورز کی انتظامیہ نے تبدیل کر دی ہیں جس پر شہریوں نے پرانے سٹاک کی نئی قیمتیں مقرر کرنے پر حکومت سے بھی نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

یوٹیلٹی اسٹورز کی انتظامیہ کا موقف ہے کہ یکم جنوری سے مختلف اشیا کے سٹاک کی سپلائی نہیں ہو سکی تاہم موجودہ صورتحال میں ٹینڈر کر دئیے گئے جس سے گھی اور آٹے کا کوٹہ جلد ملنا شروع ہو جائیگا۔

یوٹیلٹی اسٹورز اور عام مارکیٹ میں دستیاب اشیا کی قیمتیں برابر ہیں جس سے اسٹوروں کی سیل بھی کافی حدتک کم ہوچکی ہے۔