فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد شہر کے تجارتی مرکز گھنٹہ گھر کے اطراف بازاروں میں بجلی کی تاروں کا بے ہنگم سلسلہ کسی بھی وقت بڑے حادثے کی وجہ بن سکتا ہے۔ تاجروں کا کہنا ہے کہ فیسکو کو کئی بار درخواستیں دیں لیکن کوئی ایکشن نہ ہوا۔
ٹیکسٹائل سٹی کے تجارتی مرکز گھنٹہ گھر سے ملحقہ بازار بجلی کی تاروں کی جنگل میں تبدیل ہو گئے۔ بجلی کے کھمبوں سے میٹر اور پھر میٹروں سے دکانوں تک بے ہنگم تاروں کا جھرمٹ بنا ہوا ہے۔ کارخانہ بازار، منٹگمری بازار، جھنگ بازار، بھوانہ بازار میں کپڑے کی ہزاروں چھوٹی اور بڑی دکانیں ہیں جن کے شٹروں اور لوہے کے چھجوں سے گزرتی بجلی کی یہ تاریں کسی بھی وقت بڑے المیے کا سبب بن سکتی ہیں۔
دکاندار کہتے ہیں تاروں کے شارٹ سرکٹ سے کئی بار آتشزدگی کے واقعات رونما ہوئے جن میں لاکھوں روپے کا نقصان ہوا اور اب بھی موت کا خطرہ سروں پر منڈلا رہا ہے۔ فیسکو ترجمان کے مطابق بجلی کے انڈرگراونڈ نظام یا پھر کوائل سے تاروں کو کور کرنے کے لئے اقدمات اٹھائے جارہے ہیں۔
تاجروں کا کہنا ہے فیسکو انتظامیہ کی تھوڑی سی توجہ سے نہ صرف حادثات سے بچا جا سکتا ہے بلکہ شہر کی خوبصورتی کے لئے بھی تاروں کے نظام کی درستگی نہایت ضروری ہے۔