فیصل آباد ڈی ایچ کیو ہسپتال میں نیوروسرجری ڈیپارٹمنٹ نہ ہونے سے مریضوں کو مشکلات

Published On 08 January,2021 11:29 am

فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں نیورو سرجری ڈیپارٹمنٹ نہ ہونے سے اس مرض میں مبتلا آنے والے مریضوں کو علاج معالجے کیلئے پرائیویٹ ہسپتالوں کا رُخ کرنا پڑتا ہے جس کے سبب مریض پریشانی کا شکار ہیں۔

فیصل آباد کا ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال سہولیات کی فراہمی میں چھوٹی ڈسپنسری سے بھی سہولیات میں کم ہے، ٹریفک حادثات، بلندی سے گرنے، اور لڑائی جھگڑوں سمیت دیگر حادثات کا شکار بن کر علاج معالجے کیلئے ہسپتال آنے والے مریضوں کیلئے نیوروڈیپارٹمنٹ سرے سے ہی موجود نہیں۔ جس کے باعث مریض الائیڈ یا پرائیویٹ ہسپتالوں کا رُخ کرنے پر مجبور ہیں۔

شہری کہتے ہیں پرائیویٹ ہسپتالوں سے مہنگا علاج کروانے کی سکت نہیں جبکہ سرکاری ہسپتالوں میں سہولیات کا فقدان ہے۔ البتہ معاملے پر ڈپٹی میڈیکل سپریٹنڈنٹ ڈاکٹر حافظ علی رضا کہتے ہیں کہ حکام کو تجویر بھیجی جاچکی ہے جلد منصوبے پر کام شروع کردیا جائے گا۔

نیورو ڈیپارٹمنٹ کی سہولت سے آراستہ ضلع کے واحد سرکاری الائیڈ ہسپتال میں رش ہونے کی وجہ سے مریضوں کو علاج کے حصول کیلئے کئی کئی مہینوں تک تکلیف دہ انتظارکرنا پڑتا ہے۔
 

Advertisement