2021 کادوسراہفتہ بھی مہنگائی کے ستائے عوام پربھاری،اشیاء مزید مہنگی

Published On 15 January,2021 06:14 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) 2021ء کا دوسراہفتہ بھی مہنگائی کے ستائے عوام پر بھاری رہا ، درآمد اور کرشنگ سیزن کے چینی کی قیمت میں مسلسل پانچویں ہفتے بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ آٹے کی قیمت میں بھی اضافے کا رجحان دیکھا گیا۔

ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں چینی اوسط 2روپے 89 پیسے فی کلو مزید مہنگی ہوگئی، پانچ ہفتے میں چینی کی قیمت میں اوسط 11روپے 86پیسے فی کلو اضافہ ہوا۔ چینی کی اوسط قیمت بڑھ کر 92 روپے 95پیسے فی کلو ہوگئی۔

ادارہ شماریات کے مطابق جنوری کے دوسرے ہفتے میں 23 اشیائے ضروریہ مہنگی ہوئیں، گھی کا اڑھائی کلو کا ڈبہ 15 روپے 84پیسے مہنگا ہوگیا۔ دال مونگ 2 روپے 14 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی۔ دال چنا پانچ پیسے فی کلو مہنگی ہوگئی۔

رپورٹ کے مطابق دال ماش 11 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی۔ ایک ہفتے میں بکرے کا گوشت 3 روپے 13 پیسے فی کلو مہنگا ہوا۔ آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت میں 92 پیسے اضافہ ہوا۔

ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق کیلا 3 روپے 51 پیسے فی درجن مہنگا ہوا۔ حالیہ ہفتے لہسن ، چاول، پسی ہوئی مرچ کی قیمت بھی بڑھی۔ گزشتہ ہفتے 7 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ہوئی۔ حالیہ ہفتے انڈے 31 روپے 9 پیسے فی درجن سستے ہوئے۔

رپورٹ کے مطابق ٹماٹر ایک ہفتے میں 9 روپے 46 پیسے فی کلو سستے ہوئے۔ آلو کی قیمت میں دو روپے 16 پیسے کمی ہوئی۔ پیاز ایک روپے 69 پیسے فی کلو سستا ہوا، ایک ہفتے میں مرغی 4روپے 94 پیسے فی کلو سستی ہوئی۔ ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر بھی سستا ہوا حالیہ ہفتے 21 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
 

Advertisement