کوئٹہ: (دنیا نیوز) کوئٹہ میں چینی کے نرخ 100 روپے تک پہنچتے ہی صارفین کی بڑی تعداد نے گڑ کا استعمال شروع کردیا۔ مانگ بڑھتے ہی مختلف اقسام کے گڑکے نرخوں میں بھی 20 سے 40 روپے کا اضافہ ہو گیا۔
کوئٹہ میں آج کل چینی پرچون میں 95 سے 100روپے فی کلو فروخت ہو رہی ہے، گذشتہ چند ماہ سے چینی کے نرخ میں مسلسل اضافے کے باعث صارفین نے چینی کی بجائے گڑ کا استعمال شروع کر دیا ہے، شہر کے اکثر کاروباری مراکز اور دفاتر میں چائے کے ساتھ گڑ کے استعمال میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ شہری میھٹے کھانوں میں چینی کی بجائے گڑ کے استعمال کو ترجیح دینے لگے ہیں۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ اب چینی خریدنا ان کے بس میں نہیں۔
بازار میں مختلف اقسام کا گڑ 120 روپے سے 200 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے، حالیہ ایک ماہ کے دوران گڑ کی قیمتوں میں فی کلو 20 سے 40 روپے تک اضافہ ہوا ہے۔ شہر میں گڑ فروخت کرنے والوں کے کاروبار میں چینی مہنگی ہونے کے بعد بہتری آئی ہے۔
چائے کے ساتھ گڑ کے استعمال کا رحجان بڑھ رہا ہے جس کی اہم وجہ چینی کی نبست گڑ کے نقصانات کم ہیں۔