کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں پارکنگ کے نام پر لوٹ مار روکنے اور شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے چارجڈ پارکنگ سائیٹس کی تعداد 34 سے بڑھا کر 70 کر دی گئی۔ حکام نے غیرقانونی چارجڈ پارکنگ کے خلاف کارروائی کا بھی عندیہ دیا۔
شہر قائد میں چارجڈ پارکنگ کے نام پر لوٹ مار، دنیا نیوز کی نشاندہی پر ایڈمنسٹریٹر کراچی نے نوٹس لے لیا۔ معاملے کی تحقیقات میں چارجڈ پارکنگ کے نام پر بڑے پیمانے پر کرپشن کی تصدیق ہو گئی۔ متعلقہ کمیٹی کی سروے رپورٹ میں کے ایم سی کے زیرانتظام 106سڑکوں پر ڈیڑھ سے زائد غیرقانونی چارجڈ پارکنگ سائیٹس چلنے اور اضافی فیس وصولی کا انکشاف ہوگیا۔
کے ایم سی حکام نے لوٹ مار ختم کرنے کیلئے چارجڈ پارکنگ سائیٹس کی تعداد 34 سے بڑھا کر 70 کر دی۔ ایک سالہ کنٹریکٹ دینے کیلئے سائیٹس کی نیلامی 8 فروری کو کی جائے گی۔
حکام کہتے ہیں کنٹریکٹر سرکاری فیس وصولی کے پابند ہونگے۔ موٹرسائیکل کی پارکنگ فیس 10روپے، کار، رکشہ، ہائی روف 30روپے، ہائی ایس کوچز 70روپے جبکہ بسوں اور ٹرکوں کیلئے پارکنگ فیس 150روپے ہوگی۔