لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں ایک روزہ مندی کے بعد زبردست تیزی کی واپسی ہوئی ہے، 100 انڈیکس 331.89 پوائنٹس بڑھ گیا جس کے باعث سرمایہ کاروں کو اربوں روپے کا فائدہ ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان سٹاک مارکیٹ میں تیزی کی واپسی ہوئی ہے، کاروبار کا آغاز محتاط انداز میں ہوا، صبح دس بجے تک انڈیکس میں محض 36 پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی تھی، تاہم اس دوران تیزی نے سپیڈ پکڑی اور انڈیکس دوپہر بارہ بجے تک271.77 پوائنٹس بڑھ گیا تھا۔
کاروبار کے دوران تیزی کے باعث ایک موقع پر انڈیکس 46642.72 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا تھا۔ تاہم اختتامی لمحات پر سطح برقرار نہ رہ سکی۔
کاروبار کے اختتام پر پاکستان سٹاک مارکیٹ کا 100 انڈیکس 331.89 پوائنٹس بڑھ گیا جس کے باعث مزید تین حدیں بحال ہو گئیں، بحال ہونے والی حدوں میں 46300، 46400، 46500 شامل ہیں جبکہ انڈیکس 46580.34 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔
پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 0.72 فیصد کی بہتری دیکھی گئی جبکہ 26 کروڑ 63 لاکھ 10 ہزار 676 شیئرز کا لین دین ہوا جس کے باعث سرمایہ کاروں کو 80 ارب روپے سے زائد کا فائدہ ہوا۔