ن لیگ کی توڑ پھوڑ ان کے باغی لیڈروں کے بیانات سے عیاں ہے، فیاض الحسن چوہان

Published On 02 February,2021 08:29 pm

لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی وزیر جیل خانہ جات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی اندرونی توڑ پھوڑ ان کے باغی لیڈروں کے بیانات سے صاف عیاں ہے۔

فیاض الحسن چوہان نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پی ڈی ایم کی اسمبلیوں سے استعفوں کی لازوال ناکامی کے بعد پاکستان اب لانگ مارچ کی ناکامی دیکھے گا۔ 35 سالہ اقتدار میں پنجاب کا بیڑہ غرق کرنے والا شریف خاندان ایک اور موقع کا خواہش مند ہے۔

فیاض الحسن چوہان نے مریم نواز کی میڈیا ٹاک پر ردعمل میں کہا کہ اقتدار کو گھر کی باندی بنا کر رکھنے والے احتجاج کی سختی برداشت نہیں کر سکتے۔ باغی لیگی اراکین اسمبلی نے پارٹی کے ملک دشمن بیانیے کی نفی کرکے عوامی نمائندگی کا حق ادا کیا ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ عوامی حمایت پر قائم پی ٹی آئی حکومت کو غیر آئینی طریقے سے گرانے کی ہر سازش ناکام ہوگی۔ گیارہ جماعتیں ایڑھی چوٹی کا زور لگا کر بھی ایک عوامی جلسہ منعقد نہیں کر سکیں۔

ان کا کہنا تھا کہ صرف چند اضلاع پر فنڈز لگانے والے شہباز شریف کو عوامی لیڈر کہنا ناانصافی ہے۔ آج بزدار حکومت جنوبی پنجاب سمیت پنجاب کے ہر علاقے کو ترقی کے یکساں مواقع فراہم کر رہی ہے۔