اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی حکومت نے ڈھائی ماہ میں مسلسل چھٹی بار عوام پر پیٹرول بم گرانے کی تیاری کر لی، قیمت میں ایک مرتبہ پھر 5 روپے تک مہنگی کیے جانے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے ایک مرتبہ پھر عوام پر پٹرول بم گرانے کی تیاری شروع کر دی ہے، 16 فروری سے پیٹرولیم مصنوعات 4 روپے سے ساڑھے 5 روپے تک مہنگی کئے جانے کا امکان ہے۔ اوگرا نے ورکنگ پیٹرولیم ڈویژن کو بھجوادی۔
ذرائع کے مطابق 30 روپے لیوی کے حساب سے اضافے کی ورکنگ زیادہ بنتی ہے۔ حکومت کے پاس لیوی میں کمی سے قیمتیں برقرار رکھنے کا آپشن بھی موجود ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے حوالے سے فیصلہ وزیر اعظم کریں گے۔
ذرائع کے مطابق حکومت ڈھائی ماہ میں پیٹرولیم مصنوعات مسلسل 5 بار مہنگا کرچکی ہے۔ یکم دسمبر سے اب تک پیٹرولیم مصنوعات 16 روپے 37 پیسے تک مہنگی کی جاچکی ہیں۔ اسی عرصے میں پیٹرول 11 روپے 21 پیسے فی لٹر پہلے مہنگا کیا گیا۔
یکم دسمبر سے اب تک ہائی اسپیڈ ڈیزل 14 روپے 64 پیسے فی لٹر مہنگا کیا جا چکا ہے۔ اسی عرصے میں مٹی کا تیل 14 روپے 90 پیسے فی لٹر مہنگا کیا گیا۔ ڈھائی ماہ میں لائٹ ڈیزل 16 روپے 37 پیسے فی لٹر مہنگا کیا جاچکا ہے۔