7 ماہ میں پیٹرول 34، ڈیزل 33، مٹی کا تیل 41 روپے لیٹر مہنگا

Published On 19 January,2021 05:05 pm

اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) عوام پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے بوجھ تلے دب گئے، صرف 7 ماہ میں پٹرولیم مصنوعات 115 فیصد تک مہنگی کی گئی ہیں۔

گزشتہ 7 ماہ کے دوران پٹرولیم مصنوعات 41روپے 9پیسے فی لٹر تک مہنگی ہوچکی ہیں۔ جون 2020ء سے جنوری 2021ء تک مٹی کا تیل 115 فیصد مہنگا کیا گیا ہے۔

اسی عرصہ میں لائٹ ڈیزل 100فیصد، ہائی سپیڈ ڈیزل 58.7 فیصد اور پٹرول 53.54 فیصد مہنگا کیا گیا ہے۔ جون 2020ء سے جنوری 2021ء تک پٹرول 34 روپے 68 پیسے فی لٹر مہنگا کیا گیا اور اس کی قیمت 74 روپے 52 پیسے سے بڑھ کر 109 روپے 20 پیسے فی لٹر ہو گئی ہے۔

اسی عرصہ میں ہائی سپیڈ ڈیزل 33 روپے 4 پیسے فی لٹر مہنگا کیا گیا ہے اور اس کی قیمت 80 روپے 15 پیسے سے بڑھ کر 113 روپے 19 پیسے لٹر ہو گئی ہے۔

لائٹ ڈیزل 38 روپے 9 پیسے فی لٹر مہنگا کیا گیا ہے اور اس کی قیمت 38 روپے 14 پیسے سے بڑھ کر 76 روپے 23 پیسے لٹر ہو گئی ہے۔

اسی طرح مٹی کا تیل 41 روپے 9 پیسے فی لٹر مہنگا کیا گیا ہے اور اس کی قیمت 35 روپے 56 پیسے سے بڑھ کر 76 روپے 65 پیسے فی لٹر ہو گئی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ 7 ماہ میں خام تیل کی قیمت میں 15 ڈالر فی بیرل کا اضافہ ہوا اور اس کی قیمت 40 سے بڑھ کر 55 ڈالر فی بیرل ہو گئی ہے۔
 

Advertisement