ملتان: (دنیا نیوز) ملتان میں ساٹھ ہزار پاور لومز سے پانچ لاکھ مزدوروں کا روز گار وابستہ ہے لیکن دھاگے اور بجلی کی قیمتوں نے انڈسٹری کو شدید نقصان پہنچایا ہے جس کی وجہ سے اب تک ہزاروں مزدور بیروزگار ہو چکے ہیں۔
ملتان میں پاور لومز انڈسٹری بحران کا شکار ہو چکی ہے جس کی بڑی وجہ دھاگے کی ایکسپورٹ سے قیمتوں میں اضافہ ہے جس سے پیداواری لاگت بھی پچاس فیصد بڑھ گئی ہے، انڈسٹری کا پہیہ چلانے کے حوالے سے معاشی مشکلات بڑھنے پر انڈسٹری مالکان نے ہزاروں مزدروں کو بیروز گار کر دیا ہے جس کی وجہ سے مزدوروں کی بڑی تعداد سڑکوں پر سراپا احتجاج ہے۔
دھاگے کیساتھ بجلی کی قیمتوں نے بھی رہی سہی کسر پوری کر دی ہے جس پر پاور لومز ایسوسی ایشن کا موقف ہے کہ حکومت انڈسٹری کو تباہی سے بچانے کیلئے دھاگے کی ایکسپورٹ بند کرکے قیمتوں کو کنٹرول کرے بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ کار مزید وسیع کر دیں گے۔
دھاگے اور بجلی کی قیمتوں کیساتھ مختلف ٹیکسز کے باعث تیس فیصد پاورلومز اب تک بند ہو چکی ہیں جبکہ بیشتر کے مالکان صرف ایک شفٹ ہی چلانے پر مجبور ہیں۔