امریکی ڈالر کے مقابلے میں روپے کی بحالی کا تسلسل جاری

Published On 11 March,2021 04:05 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں رواں ہفتے کے چوتھے کاروباری روز کے دوران ایک مرتبہ پھر روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر مزید 4 پیسے سستا ہو گیا۔

تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں رواں ہفتے کے چوتھے کاروباری روز کے دوران ایک مرتبہ پھر امریکی کرنسی سستی ہو گئی ، جس کی سب سے بڑی وجہ ملکی معیشت کے حوالے سے مثبت اعشاریے، وزیراعظم عمران خان کے ڈیجیٹل روشن پروگرام، ریکارڈ ترسیلات زر اور آئی ایم ایف کے ساتھ قرض پروگرام کی بحالی کے بعد آئندہ چند دنوں میں نئی قسط کی وصولی کے بعد ملکی روپیہ پر زبردست اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے چوتھے کاروباری روز کے دوران انٹربینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر 4 پیسے سستا ہو گیا اور قیمت 157 روپے 13 پیسے سے کم ہو کر 157 روپے 09 پیسے ہو گئی ہے۔

معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ روپے کے مقابلے میں امریکی کرنسی مزید سستی ہو سکتی ہے اگر ڈالر کی 155 روپے کی نفسیاتی حد ٹوٹ جاتی ہے تو روپے کے مقابلے میں ڈالر 150 روپے کی سطح کے قریب پہنچ سکتا ہے۔
 

Advertisement