روپے کے مقابلے میں ڈالر کی بے قدری کا تسلسل جاری، بڑی حد گر گئی

Published On 15 March,2021 04:18 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی بے قدری کا تسلسل جاری ہے، 157 روپے کی نفسیاتی حد بھی گر گئی ہے۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر مزید 14 پیسے سستا ہو گیا اور قیمت 157 روپے 14 پیسے سے کم ہو کر 156 روپے 99 پیسے ہو گئی ہے۔

یاد رہے کہ 9 مارچ 2020ء کو ڈالر 156 روپے 58 پیسے پربند ہوا تھا۔

معاشی ماہرین کے مطابق ملکی کرنسی کی قدر بحال ہونے کی سب سے بڑی وجہ ملکی معیشت کے حوالے سے مثبت اعشاریے، وزیراعظم عمران خان کے ڈیجیٹل روشن پروگرام، ریکارڈ ترسیلات زر اور آئی ایم ایف کے ساتھ قرض پروگرام کی بحالی کے بعد آئندہ چند دنوں میں نئی قسط کی وصولی کے بعد ملکی روپیہ پر زبردست اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔

معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ روپے کے مقابلے میں امریکی کرنسی مزید سستی ہو سکتی ہے اگر ڈالر کی 155 روپے کی نفسیاتی حد ٹوٹ جاتی ہے تو روپے کے مقابلے میں ڈالر 150 روپے کی سطح کے قریب پہنچ سکتا ہے۔

Advertisement