رمضان ریلیف پیکیج، چینی خریداری کیلئے یوٹیلیٹی سٹورز کو مشکلات

Published On 19 March,2021 04:27 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) یوٹیلیٹی سٹورز کو رمضان ریلیف پیکیج کے تحت چینی کی خریداری کے لیے جتن کرنا پڑ رہے ہیں کیونکہ سٹورز کے لیے چینی کی فی کلو سبسڈی 40 روپے منظور ہوئی ہے جبکہ اس کی لاگت کم از کم 44 روپے فی کلو آ رہی ہے۔

وزارت صنعت و پیداوار کے ذرائع نے دنیا نیوز کوبتایا کہ یوٹیلٹی سٹور کارپوریشن رمضان میں 50 ہزار ٹن چینی کی سپلائی کے لیے کوشش کر رہی ہے۔ چینی کی فی کلو قیمت پر سبسڈی 40 روپے مقرر کی گئی ہے اور 50 ہزار ٹن چینی کے لیے 2 ارب روپے کی سبسڈی مقرر ہے۔ یوٹیلیٹی سٹورز نے 40 ہزار ٹن کی بولیاں طلب کیں ہیں۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی کی منظور شدہ دستاویز کے مطابق یوٹیلٹی سٹورز پر چینی کی فی کلو سبسڈی 40 روپے منظور کی گئی ہے ۔ یوٹیلٹی سٹورز کو سب سے کم ریٹ 94 روپے 10 پیسے فی کلو ملا، جس پر چینی کے ملک بھر میں ترسیلی اخراجات 8 روپے فی کلو ہیں اور چینی کم از کم 102 روپے 10 پیسے فی کلو میں پڑے گی۔

حکومت کو توقع تھی کہ یوٹیلٹی اسٹورز زیادہ سے زیادہ 98 روپے فی کلو چینی خریدے گا لیکن چینی کے ریٹ حکومتی اندازوں سے زیادہ ہیں۔ کارپوریشن 102 والی چینی 68 میں فروخت کرے گا۔ یوٹیلٹی اسٹورز 44 روپے فی کلو سے زیادہ سبسڈی دینا پڑے گی۔
 

Advertisement