کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں اورنگی ٹاون نالے اور گجر نالے پر تجاوزات کیخلاف آپریشن جاری ہے۔ گجرنالے کے تین مقامات پر آپریشن کے دوران 1500 سے زائد گھر مسمارکیے جاچکے ہیں۔
کراچی کو پاک کرنے کا مشن، اورنگی ٹاون اور گجر نالے پر تجاوزات کیخلاف آپریشن کیا جارہا ہے۔ ضلع وسطی میں لیاقت آباد، لنڈی کوتل اور شفیق موڑ پر بھاری مشینری کے ذریعے پکی تعمیر مسمار کی گئی۔ 26 کلومیٹر طویل گجر نالے کا 8 کلومیٹر کا علاقہ کلئیر کرلیا گیا ہے۔ 23 کلومیٹر طویل اورنگی ٹاون نالے کا 6 کلومیٹر کا علاقہ بھی کلیئر کرا لیا گیا ہے۔
سینئیر ڈائریکٹر محکمہ انسداد تجاوزات بشیر صدیقی آپریشن کی قیادت کررہے ہیں۔ آپریشن کے دوران امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کیلئے رینجرز کی بھاری نفری تعینات رہی۔ محکمہ انسداد تجاوزات کے حکام کے مطابق رمضان المبارک سے قبل گجر نالہ کلئیر کرالیا جائے گا۔