اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومت نے پٹرول کی قیمت میں ایک روپے 50 پیسے اور ڈیزل کی قیمتوں میں 3 روپے کمی کا اعلان کر دیا۔
وفاقی وزیر خزانہ حماد اظہر نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بھارت سے 5 لاکھ ٹن تک پرائیویٹ سیکٹر کیلئے چینی کی درآمد کو کھولنے کا فیصلہ کیا ہے، چینی کی قیمت پاکستان سے کم ہونے پر بھارت سے درآمد کا فیصلہ کیا، جون کے اختتام تک بھارت سے کاٹن کی درآمدات کی بھی اجازت دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کرنسی اپنے زور پر خود کھڑی ہے اس کے استحکام کیلئے ڈالر نہیں جھونک رہے، پارلیمنٹ میں عوامی نمائندگان سے رابطہ رہے گا، عوام کے ووٹ سے آیا ہوں، واپس عوام میں جانا ہے۔
حماد اظہر کا کہنا تھا کہ گندم کی امدادی قیمت 1800 روپے رکھنے کا فیصلہ کیا، تاریخ کے سب سے بڑے کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کا سامنا کیا، سٹیٹ بینک کی خود مختاری کا فیصلہ عالمی معیار کے مطابق کیا، ہمارے فیصلوں کی بنیاد پاکستان اور عوام کی فلاح ہوگی، کبھی کبھی حکومت کو سخت فیصلے بھی کرنے پڑتے ہیں۔
وفاقی وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ سٹیٹ بینک کی خود مختاری کا بل پارلیمنٹ میں لے کر جائیں گے، سٹیٹ بینک کے بل پر سٹیک ہولڈرز کی تجاویز لیں گے، سکوک بانڈ بھی جاری کریں گے، تاریخ نہیں دے سکتے، سبسڈی کو ٹارگٹڈ کرنے کیلئے محکموں سے بات کر رہے ہیں، گزشتہ سال کی طرح کورونا صورتحال سے بہتر انداز میں نمٹیں گے، حفیظ شیخ کے دور میں معیشت کو استحکام ملا۔
یاد رہے اوگرا نے پٹرول کی قیمت میں ڈیڑھ روپے فی لیٹر تک کمی کی سمری وفاقی حکومت کو ارسال کی تھی۔ اس وقت فی لیٹر پٹرول پر 11 روپے 23 پیسے پٹرولیم لیوی عائد ہے۔ فی لیٹر ڈیزل پر 12روپے 74پیسے پٹرولیم لیوی عائد ہے۔
واضح رہے 15 فروری کے بعد سے وزیراعظم عمران خان کی متعدد بار سمریوں کو مسترد کرتے ہوئے قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔
15 فروری کو وزیراعظم عمران خان نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی تجویز مسترد کی تھی۔ اوگرا کی جانب سے پٹرول کی قیمت میں14.07 روپے، ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 13.61 روپے فی لٹر اضافے کی تجویز تھی۔ مٹی کے تیل کی قیمت میں 10.79 روپے کی سفارش کی گئی تھی۔ اوگرا نے لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 7.43 روپے اضافہ تجویز کیا گیا تھا۔