2011ء کے بعد پہلی بار برآمدات مسلسل چھٹے ماہ 2 ارب ڈالرز سے زائد

Published On 01 April,2021 04:28 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک بھر میں معاشی حوالوں سے مثبت خبروں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، 2011 کے بعد پہلی بار برآمدات مسلسل چھٹے ماہ بھی 2 ارب ڈالرز سے زائد رہیں۔

وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے تجارت عبد الرزاق داؤد نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر سلسلہ وار ٹویٹس پر لکھا کہ مارچ میں برآمدات 2 ارب 34 کروڑ 50 لاکھ ڈالرز رہیں، فروری کے مقابلے مارچ میں برآمدات 13.4 فیصد بڑھیں۔

اپنی ٹویٹس میں انہوں نے لکھا کہ 2011 کے بعد پہلی بار برآمدات مسلسل چھٹے ماہ بھی 2 ارب ڈالرز سے زائد رہیں، جولائی تا مارچ برآمدات میں سالانہ بنیاد پر 7 فیصد اضافہ ہوا، جولائی تا مارچ برآمدات کا حجم 18 ارب 66 کروڑ 90 لاکھ ڈالرز رہا، گذشتہ سال اسی عرصے میں برآمدات 17 ارب 45 کروڑ 10 لاکھ ڈالرز تھیں۔

عبدالرزاق داؤد کا کہنا تھا کہ مالی سال کے پہلے 9 ماہ سالانہ بنیادپر درآمدات میں 12 فیصد اضافہ ہوا، جولائی تا مارچ درآمدات 39 ارب 21 کروڑ ڈالرز رہیں، گذشتہ سال اسی عرصے میں درآمدات 34 ارب 81 کروڑ 70 لاکھ ڈالرز تھیں، مارچ 2021 میں درآمدات 5 ارب 31 کروڑ 30 لاکھ ڈالرز رہیں۔