انسداد کورونا ویکسین وافر مقدار میں درآمد کی جا رہی ہے، پارلیمانی سیکرٹری صحت

Published On 01 April,2021 08:34 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پارلیمانی سیکرٹری صحت کی جانب سے قومی اسمبلی کو بتایا گیا ہے کہ انسداد کورونا ویکسین وافر مقدار میں درآمد کی جا رہی ہے تا کہ لوگوں کو ویکسین لگانے کا عمل کامیابی سے سر انجام دیا جا سکے۔

صحت عامہ کی پارلیمانی سیکرٹری نوشین حمید نے وقفہ سوالات میں ایوان کو بتایا کہ ساٹھ ہزار خوراکوں پر مشتمل خریدی گئی ویکسین کی پہلی کھیپ کل پاکستان پہنچی ہے۔

انھوں نے کہا پانچ لاکھ خوراکوں پر مشتمل دوسری کھیپ کل پاکستان پہنچے گی۔

پارلیمانی سیکرٹری نے کہا کہ پاکستان وافر مقدار میں چینی CANSINOویکسین خریدے گا اور مقامی طور پر 30لاکھ آئندہ ماہ کے وسط میں پہنچے گی اور مقامی پیداوار کے لئے افرادی قوت کو تیار کیا جار ہا ہے۔

پارلیمانی سیکرٹری نے کہا کہ پہلے مرحلے میں ویکسی نیشن کے لیے ساڑھے چار لاکھ ہیلتھ ورکرز نے رجسٹریشن کرائی ہے جبکہ اب 60سال سے زائد عمر والے افراد کو ویکسین لگائی جا رہی ہے۔

انھوں نے کہا کہ ادویات کی قیمتوں کے تعین کے لئے شفاف طریقہ کار وضع کیا گیا ہے۔

پارلیمانی سیکرٹری نے کہا کہ 562ادویات کی زیادہ سے زیادہ خوردہ قیمتیں وفاقی حکومت کی منظوری کے بعد کم کی گئی ہیں اور اُن کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ۔

انھوں نے کہا ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان نے عوام کی معلومات کے لئے قومی اخبارات میں کم کردہ قیمتوں کا عوامی نوٹس شائع کیا ۔

پارلیمانی سیکرٹری نے کہا کہ GENERICادویات کی تیاری کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے اور اس حوالے سے سہولیات دی جارہی ہیں کیونکہ GENERICمصنوعات BRANDEDادویات سے سستی ہوتی ہیں۔

 

Advertisement