اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ مستحکم اور مضبوط افغانستان پاکستان اور خطے کے بہترین مفاد میں ہے۔
انہوں نے یہ بات پاکستان کیلئے افغانستان کے سفیر نجیب اﷲ علی خیل سے گفتگو میں کہی جنہوں نے آج اسلام آباد میں سپیکر سے ملاقات کی۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے اہم معاملات کے علاوہ دوطرفہ تعلقات اور تجارت کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
سپیکر نے کہاکہ پاکستان اور افغانستان کے ساتھ وسیع البنیاد تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینا چاہتا ہے۔
اسد قیصر نے کہا کہ افغان طالب علموں اور مریضوں کیلئے ویزا پالیسی میں نرمی سے افغان باشندوں کو پاکستان کی صحت اور تعلیم کی سہولتوں سے فائدہ اٹھانے کا موقع ملے گا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نجیب اﷲ علی خیل نے کہا کہ افغانستان کے لوگ پاکستان کے ساتھ دوستانہ اور برادرانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امن کیلئے پاکستان کی کوششیں قابل تعریف ہیں۔