سٹاک مارکیٹ:اُتار چڑھاؤ کے بعد 70.52 پوائنٹس کی تیزی، 45 ہزار کی نفسیاتی حد بحال

Published On 13 April,2021 04:21 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں ایک مرتبہ پھر سٹاک مارکیٹ میں اُتار چڑھاؤ دیکھا گیا، 100 انڈیکس 70.52 پوائنٹس بڑھ گیا جس کے باعث 45 ہزار کی نفسیاتی حد بحال ہو گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان سٹاک مارکیٹ میں غیر یقینی صورتحال کے باعث مسلسل دوسرے روز بھی ا ُتار چڑھاؤ دیکھنے کو ملا، کاروبار کا آغاز محتاط انداز میں ہوا اور صبح دس بجے تک انڈیکس میں 27.47 پوائنٹس کی بڑھوتری دیکھی گئی۔ اس کا سلسلہ دوپہر بارہ بجے تک دیکھنے کو ملا، بارہ بجے تک انڈیکس میں 148.48 پوائنٹس کی تیزی آئی۔

تاہم اس دوران غیر یقینی صورتحال نے ڈیرے ڈالے جس کے باعث بڑھوتری میں جانے والی حصص مارکیٹ میں مندی نے ڈیرے ڈال لیے، ایک موقع انڈیکس 44780.06 پوائنٹس کی نچلی ترین سطح پر دیکھا گیا۔

لیکن پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کے اختتام پر ایک مرتبہ پھر تیزی کی واپسی ہوئی اور انڈیکس 70.52 پوائنٹس کی تیزی کے بعد 45 ہزار کی نفسیاتی حد عبور کرتے ہوئے 45048.57 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔

پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 0.16 فیصد کی بہتری دیکھی گئی اور 18 کروڑ 38 لاکھ 52 ہزار 391 شیئرز کا لین دین ہوا، جس کے باعث سرمایہ کاروں کو 10 ارب روپے سے زائد کا فائدہ ہوا۔

معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس وقت ملک میں غیر یقینی صورتحال چھائی ہوئی ہے جس کےباعث سرمایہ کار ٹریڈنگ میں دلچسپی نہیں لے رہے البتہ احتجاجی مظاہرے ختم ہوتے ہیں تو سرمایہ کاروں کی بھرپور دلچسپی یقینی ہے کیونکہ معاشی اعشاریے کے حوالوں سے اچھی خبریں سامنے آ رہی ہیں اور این سی او سی کی طرف سے کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باوجود مکمل لاک ڈاؤن کے امکان کو مسترد کرنے کے بعد سرمایہ کار بھرپور دلچسپی لینے کیلئے تیار ہیں۔
 

Advertisement