اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد میں رمضان المبارک کے دوران مہنگائی کا نیا طوفان آ گیا، سستے بازار عام مارکیٹوں سے بھی مہنگے نکلے۔ سبزیوں اور پھلوں کے نرخ آسمان سے باتیں کر رہے ہیں تو آٹا اور چینی دستیاب ہی نہیں۔
رمضان المبارک میں مہنگائی کا توڑ سستے بازار بھی عوام کو ریلیف دینے میں ناکام، پھل ہوں یا سبزیاں، نرخ عام مارکیٹ سے بھی زیادہ ہیں۔ اسلام آباد کے سیکٹر جی سیون میں لگایا گیا سستا بازار تو صرف نام کا ہے۔ عام مارکیٹ میں آلو 48 روپے کلو تو سستے بازار میں 51 روپے ہیں، پیاز دکانوں پر 28 روپے کلو تو یہاں 31 روپے، بھنڈی دکانوں پر 110 روپے لیکن سستے بازار میں 150 روپے کلو ہے۔ ادرک 352 روپے تو سستے بازار میں 378 روپے کلو میں فروخت ہو رہی ہے۔
فروٹ کی قیمتیں بھی مارکیٹ کی نسبت سستے بازاروں میں زیادہ ہیں۔ شہری کہتے ہیں حکومت رمضان میں بھی عوام کو ریلیف دینے میں ناکام ہو چکی ہے۔دوسری جانب سستے بازاروں میں آٹا اور چینی دستیاب ہی نہیں بلکہ سبزیوں اور فروٹ کی ورائٹی بھی نہ ہونے کے برابر ہے۔