اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات شوکت ترین نے کہاہے کہ پاکستان برطانیہ کے ساتھ اپنے تعلقات کوخصوصی اہمیت دیتا ہے اوربرطانیہ کے ساتھ اقتصادی اورکاروباری رابطوں کوفروغ دینا چاہتا ہے، برطانیہ میں رہنے والے پاکستانی ملک کاحقیقی اثاثہ ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہ پاکستان میں برطانیہ کے ہائی کمشنر ڈاکٹرکرسچن ٹرنرسے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سیکرٹری خزانہ اورسیکرٹری اقتصادی امورڈویژن بھی اس موقع پرموجودتھے۔
برطانوی ہائی کمشنر کا گرمجوشی سے خیرمقدم کرتے ہوئے وزیرخزانہ نے کہاکہ پاکستان برطانیہ کے ساتھ اپنے تعلقات کوخصوصی اہمیت دیتا ہے، پاکستان برطانیہ کے ساتھ اقتصادی اورکاروباری رابطوں کوفروغ دینا چاہتا ہے۔
انہوں نے کووڈ 19 کی عالمگیروبا کے دنوں میں برطانیہ کی حکومت اورعوام کی جانب سے پاکستان کے عوام کیلئے معاونت فراہم کرنے پربرطانوی ہائی کمشنرکاشکریہ اداکیا۔
وزیرخزانہ نے برطانوی ہائی کمشنر کو سماجی تحفظ کے پروگرام احساس اور اس پروگرام کے تحت مستحقین بالخصوص خواتین کوامدادی رقوم کی براہ راست منتقلی کے طریقہ کارکے بارے میں آگا ہ کرتے ہوئے کہاکہ احساس پروگرام نے کوویڈ 19 کی عالمگیروبا کے دنوں میں معاشی طورپرکمزورطبقات کی اقتصادی مشکلات کو کم کرنے میں اہم کرداراداکیاہے۔
انہوں نے وبا کے مشکل دنوں میں اقتصادی بحالی کیلئے حکومت کی جانب اٹھائے جانیوالے اقدامات سے بھی ہائی کمشنرکوآگاہ کیا۔
وزیرخزانہ نے سمندرپارپاکستانیوں کی خدمات کوسراہا اورکہاکہ پاکستانی محنت قیمتی زرمبادلہ ملک ارسال کررہے ہیں جس کی وجہ سے نہ صرف زرمبادلہ کے ذخائربڑھے ہیں بلکہ روپیہ کی قدرمیں اضافہ بھی ہواہے۔
انہوں نے کہاکہ برطانیہ میں رہنے والے پاکستانی ملک کاحقیقی اثاثہ ہے۔ وفاقی وزیرخزانہ نے کلی معیشت کے استحکام، اہم اصلاحات اورپاکستان کے ترقی یافتہ شراکت داروں کے ساتھ مل کر پاکستان کے عوام کے بہتراورمحفوظ مستقبل کیلئے کام کرنے کے حکومتی عزم کااعادہ کیا۔
برطانوی ہائی کمشنرنے وزیرخزانہ کے ساتھ باہمی دلچسپی کے امورپرتبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے برطانیہ کی حکومت اورعوام کی جانب سے پاکستان کی حکومت اورعوام کو مکمل تعاون اورحمایت کی یقین دہانی کرائی۔
برطانوی ہائی کمشنرنے وزارت خزانہ کی ذمہ داریاں سنبھالنے پروزیرخزانہ شوکت ترین کومبارکبادبھی دی۔