اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیرخزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ زراعت قومی معیشت میں مرکزی کرداراداکررہی ہے اورحکومت اس شعبہ میں بہتری لانے پرتوجہ مرکوزکئے ہوئے ہے۔
ان خیالات کا اظہار ا نہوں نے اقتصادی مشاورتی کونسل کی ذیلی کمیٹی برائے زراعت کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، اجلاس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے محصولات ڈاکٹروقارمسعود، معاون خصوصی برائے غذائی تحفظ جمشید چیمہ اورکمیٹی کے نجی ارکان بشمول احمرعزیز، منصورعارفین، آفتاب انور، سعادت اعجاز اورعارف ندیم نے شرکت کی۔
اجلاس میں روزمرہ استعمال کی بنیادی ضرورت کی اشیا کی ہول سیل اورریٹیل کی قیمتوں میں فرق کو کم کرنے کیلئے کسان سے لیکرصارف تک فوڈسپلائی چین کا تفصیل سے جائزہ لیاگیا۔
اجلاس میں ریگولیٹری طریقہ ہائے کار پرخصوصی توجہ دی گئی تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ کسانوں کو ان کی فصل اوراجناس کا معقول اورمناسب معاوضہ موصول ہو اورغیرضروری وناجائز منافع خوری کاخاتمہ کیا جا سکے۔
وزیرخزانہ نے کہاکہ زراعت کا ہماری معیشت میں مرکزی کردارہے اورحکومت اس شعبہ میں بہتری لانے پرتوجہ مرکوزکئے ہوئے ہے۔ فارم لیبر، پراسیسنگ، ٹرانسپورٹ اورلاجسٹک میں حائل رکاوٹوں کو دور کر کے کھیت سے لیکرصارف تک کی سپلائی چین کاازسرنوجائزہ لینا ضروری ہے۔
انہوں نے کہاکہ کووڈ 19 کی عالمگیروبا کی وجہ سے سپلائی سایئڈ میں رکاوٹیں آنے سے صورتحال مشکل ہوگئی ہے۔
وزیرخزانہ نے کمیٹی کے ارکان کو آئندہ اجلاس میں ٹھوس سفارشات اورتجاویز پیش کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہاکہ روزمرہ استعمال کی ضروری اشیا کی قیمتوں میں استحکام کیلئے ارکان کواختراعی آئیڈیاز دینا چاہئیں۔