پشاور: (دنیا نیوز) پشاور کے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں توڑ پھوڑ اور ڈاکٹرز کو دھمکیاں دینے کے الزام پر رکن خیبرپختونخوا اسمبلی نگہت اورکزئی اور شفیق شیر آفریدی کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔
نگہت اورکزئی اور شفیق آفریدی کے خلاف تھانہ حیات آباد میں مقدمہ درج کیا گیا۔ ایف آئی آر کے تحت نگہت اورکزئی اور شفیق آفریدی نے مظاہرین کو اکسایا۔ مظاہرین نے ہسپتال میں توڑ پھوڑ کی اور پولیس کے ساتھ ہاتھا پائی بھی کی۔
30 اپریل کو حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں ناخوشگوار واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک بچے کو زخمی حالت میں ہسپتال لایا گیا۔ ڈاکٹرز نے فوری طبی امداد دی تاہم بچہ جانبر نہ ہوسکا، جس پر ہسپتال میں ہنگامہ آرائی کی گئی۔