بالا کوٹ پن بجلی منصوبہ، پاکستان ،اے ڈی بی میں فنانسنگ معاہدے پر دستخط

Published On 21 May,2021 05:33 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) 300 میگا واٹ بالاکوٹ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی تعمیر میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، حکومت پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان منصوبے کی فنانسنگ ایگریمنٹ پر دستخط ہو گئے۔

معاہدے کے تحت اے ڈی بی پاکستان کو بالاکوٹ پن بجلی منصوبے کے لیے آسان شرائط پر 300 ملین امریکی ڈالر فراہم کرے گا، اس حوالے سے آج دستخط کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں وفاقی وزیر اقتصادی امور عمر ایوب اور وزیر اعلیٰ کے پی نے شركت کی۔

ایشیائی ترقیاتی بینک یہ قرضہ 27 سال کی مدت کے لیے فراہم کر رہا ہے، جب کہ یہ منصوبہ 85 ارب روپے کی مجموعی لاگت سے 6 سال کے عرصے میں مکمل کیا جائے گا۔

وفاقی وزیر عمر ایوب نے منصوبے سے متعلق بتایا کہ یہ پن بجلی گھر مانسہرہ میں دریائے کنہار پر تعمیر کیا جائے گا، جس سے 300 میگا واٹ بجلی پیدا ہو سکے گی، اور یہ پاور پراجیکٹ ماحول دوست سستی توانائی کے حصول میں مددگار ہو گا۔

خیبر پختون خوا کے وزیر اعلیٰ محمود خان نے کہا کہ جلد ہی اس اہم منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا، توقع ہے وزیر اعظم عمران خان خود اس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھیں گے، اس منصوبے کی تعمیر کے دوران روزگار کے 1200 سے زائد مواقع پیدا ہوں گے۔

انھوں نے کہا موجودہ حکومت صوبے میں پن بجلی کے مواقع سے بھر پور استفادے کے لیے مؤثر اقدامات اٹھا رہی ہے۔